ریاض،6؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)سعودی فرماں روا شاہ سلمان کے خصوصی احکامات کے بعد مملکت میں مقیم یمنی باشندوں کے لیے معلومات کی منتقلی اور پاسپورٹ کے اجراء کا عمل محض تین منٹوں میں مکمل کیا جا رہا ہے۔اس سلسلے میں سعودی پاسپورٹ ڈائرکٹریٹ ریاض اور جدہ ریجن میں اپنی تمام تر ٹکنالوجی اور بہترین افرادی قوت کو استعمال میں لا رہا ہے تاکہ مملکت میں مقیم 5لاکھ سے زیادہ یمنیوں کے لیے مطلوبہ اقدامات کو مکمل کیا جاسکے جن کو پاسپورٹ کی ضرورت ہے۔ رش کے دباؤ کو کم کرنے کے واسطے پاسپورٹ ڈائرکٹریٹ نے جدید ترین ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ان افراد کے لیے پیشگی وقت کا نظام متعین کیا ہے تاکہ تمام تر کارروائی سہولت کے ساتھ پرسکون انداز میں مکمل کی جاسکے۔پاسپورٹ کے حصول کے مراحل میں یمنی مقیم کو سب سے پہلے پاسپورٹ ڈائرکٹریٹ کی ویب سائٹ کے ذریعے پیشگی وقت لینا ہوتا ہے۔ اس کے بعد اپنی معلومات کی تصدیق اور سرکاری اداروں کے ساتھ بقیہ مرحلے کی تکمیل عمل میں آتی ہے۔مملکت سعودی عرب کی جانب سے اپنے یمنی بھائیوں کو پیش کی جانے والی بنیادی انسانی خدمات نے ایسے وقت میں آمدورفت ، کام اور قیام کا موقع فراہم کیا ہے جب کہ ان کے اپنے ملک میں باغیوں کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔